
غزہ : جنگ اور آفت زدہ علاقوں میں طبی امداد پہنچانے والی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز ایم ایس ایف نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے نئے رجسٹریشن قواعد کے باعث غزہ میں جان بچانے والی طبی سہولیات شدید خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
ایم ایس ایف نے کہا کہ آئندہ سال رجسٹریشن کے نئے ضابطے لاکھوں فلسطینیوں کو علاج سے محروم کر سکتے ہیں۔ یکم جنوری سے رجسٹریشن واپس لینے کا امکان ہے جس سے ایم ایس ایف سمیت کئی ادارے غزہ اور مغربی کنارے میں خدمات انجام نہیں دے سکیں گے۔ ایم ایس ایف کے مطابق غزہ کا صحت کا نظام پہلے ہی تباہ ہو چکا ہے، ایسے میں آزاد اور تجربہ کار انسانی تنظیموں کی رسائی ختم ہونا تباہ کن ثابت ہوگا۔
تنظیم نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی اداروں کو غیرجانبدار اور آزادانہ طور پر کام جاری رکھنے کی اجازت دیں۔ ایم ایس ایف نے خبردار کیا کہ پہلے سے محدود انسانی امداد کو مزید کمزور نہیں کیا جا سکتا۔


































