
دوحہ : حماس کے نئے سربراہ خلیل الحیہ نے ثالث اور ضامن ممالک کو خط لکھ کر اسرائیلی خلاف ورزیاں اور معاہدوں کی پامالی رکوانے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔خلیل الحیہ نے مصر، قطر اور ترکیہ کے سربراہان کو باضابطہ پیغام ارسال کیے ہیں۔ جس میں ثالث اور ضامن ممالک کے سربراہان سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل دانستہ طور پر ایسے اقدامات کر رہا ہے جو کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ خلیل الحیہ نے کہا کہ غزہ میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان کی فراہمی اب بھی روکی جا رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اسرائیلی قبضے نے معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
اسرائیلی افواج غزہ کے مزید علاقوں پر قبضہ بھی بڑھا رہی ہیں۔ حماس رہنما نے کہا کہ اسرائیل ضامن ممالک اور عالمی برادری کی کوششوں کو چیلنج کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ثالث اور ضامن ممالک فوری اقدامات کریں تاکہ اسرائیل کو معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند بنایا جا سکے۔


































