
اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے۔ صبح 9 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجتے ہی 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ مظفرآباد، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی گئی۔ جس میں بچوں اور خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ کوہالہ پل کی مرکزی تقریب میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں ترجمان دفتر خارجہ اور مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ سمیت حریت رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔ملک کے مختلف شہروں میں سماجی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے کی غرض سے ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔


































