
کراچی : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے زیر اہتمام کابل میں بے گناہ طلبا و طالبات کے قتل عام و ذاکر اہل بیتؑ نوید عاشق کے قتل کے خلاف خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سےخطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری، علامہ حیات عباس نجفی و دیگر نے کہاکہ نامور ذاکر نوید عاشق بی اے کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی نااہلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیا جارہا ہے، دہشت گرد عناصر کے پشت پناہ حکومت کے اندر موجود ہیں، ملکی سالمیت و بقاء کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، مقتدر قوتیں ہوش کے ناخن لیں، شدت پسند طاقتوں کا راستہ روکنے کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے نوید عاشق کے قاتل اور دیگر ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقررین نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شیعہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں معصوم بچیوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے برسر اقتدار آنے کے دوران ہزارہ برادری پر ظالمانہ اور غیر انسانی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں سینکڑوں معصوم جانوں کا نقصان ہو چکا ہے لیکن طالبان حکومت ہزارہ برادری کا تحفظ کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔


































