
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کیلئے مالی امداد دگنی کرنے کی سفارش کردی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے بجٹ تجاویز میں پاکستان کے معاشی امدادی فنڈ کو دگنا کر کے 82 ملین ڈالر کرنے کی سفارش کی ہےتاکہ تباہ کن سیلاب سے بحالی، توانائی کی فراہمی میں تنوع اور ہنگامی تیاری کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مدد مل سکے۔ پاکستان کو انسداد منشیات اقدامات کیلئے 17 ملین ڈالر اور بین الاقوامی فوجی تعلیم اور تربیت کے زمرے کے تحت مزید 3.5 ملین ڈالر دینے کی بھی تجویز ہے۔ محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امداد نجی شعبے کی اقتصادی ترقی کو وسعت دے گی؛ جمہوری اداروں کو مضبوط کرے گی؛ صنفی مساوات کو آگے بڑھائے گی اور خواتین کو بااختیار بنائے گی۔


































