
بیروت : اسرائیلی فوج نے ہمیشہ کی طرح خیانت اور وعدہ خلافی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاہدے میں طے شدہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی لبنان میں قیام کا فیصلہ کرلیا۔ اسرائیلی پبلک براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ معاہدے میں طے شدہ ساٹھ دن کی مدت کے بعد بھی قیام کے اپنے ارادے سے امریکہ کو مطلع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل قیام میں توسیع کیلئے موقف اختیار کرے گا کہ لبنانی فوج نے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ جس کی وجہ سے حزب اللہ دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل امریکا کو بتائے گا کہ معاہدے کے تحت لبنانی فوج کو سرحدی علاقوں میں تعینات کرنا تھا لیکن اس نے بہت سست رفتاری سے ایسا کیا ہے۔ امریکا کو آگاہ کیا جائے گا کہ لبنانی فوج نے حزب اللہ کے ان مقامات کو نشانہ نہیں بنایا ہے جن کی اسرائیل نے ایک مخصوص میکانزم کے ذریعے نشاندہی کی تھی۔ اسرائیلی براڈ کاسٹر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل امریکہ کو بتانا چاہتا ہےکہ وہ سرحد کے قریب لبنانی دیہات کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے سے روکتا رہے گا۔


































