
غزہ : اسرائیلی پابندیوں کے سبب بیرونِ ملک علاج تک رسائی نہ ملنے پر غزہ میں روزانہ چھ سے دس فلسطینی زندگی کی بازی ہارنے لگے۔ غزہ میں فلسطینی وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر زاہر الواہدی نے کہا کہ ہر روز چھ سے دس ایسے مریض وفات پا رہے ہیں جو بیرونِ ملک علاج کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم از کم 195 مریض ایسے ہیں جن کی زندگی خطرے میں ہے اور اگر اگلے چند گھنٹوں میں انہیں نکالا نہ گیا تو جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ مزید 1,971 ایمرجنسی کیس ایسے ہیں جنہیں ہفتوں کے اندر باہر نکالنا ضروری ہے، ورنہ ان کی حالت خطرناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار ہزار بچوں اور چار ہزار کینسر کے مریضوں کی زندگی بچانے کے لیے فوری طبی امداد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ سے طبی انخلا کے عمل پر اسرائیلی محاصرہ اور پابندیاں اثرانداز ہورہی ہیں، اور اسرائیلی حملے کے بعد یہ مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔


































