
غزہ : غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں میں پانچ فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جبکہ غزہ میں خستہ مکان گرنے سے تین خواتین شہید اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔
غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں دو مقامات پر اسرائیلی ڈرون نے رہائشیوں کو نشانہ بنایا۔ منصورہ اسٹریٹ پر حملے میں دو جبکہ شجاعیہ میں ایک شہری شہید ہوا۔ خان یونس کے مشرق میں قابض افواج نے بکتر بند گاڑیوں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔
ادھر مغربی کنارے کے شہر جنین میں صیہونی فوج نے چھاپوں کے دوران سلعت الحارثیہ قصبے میں بائیس سالہ احمد سعید شہادہ اور قباطیہ قصبے میں سولہ سالہ ریان محمد ابو مُعلّٰی کو بھی گولیاں مارکر شہید کردیا۔
جنوری سے جاری جنین شہر اور اس کے مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد باسٹھ ہو چکی ہے۔ ادھر غزہ شہر کے علاقے شیخ رضوان میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین مکان گرنے سے شہید ہوگئیں۔ جبکہ پانچ کو ملبے سے نکال لیا گیا۔
ادھر حماس نے مغربی کنارے کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیلی فوج کی یلغار اور آبادکاروں کے حملوں کے خلاف مزاحمت کے دائرے کو وسیع کریں۔


































