
تل ابیب : اسرائیلی حکام نے غزہ پر مستقل قبضے کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے امریکی حمایت یافتہ منصوبے کی کھلم کھلا مخالفت کر دی۔ اسرائیلی پارلیمنٹ میں غزہ ۔ دی ڈے آفٹر کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں اسرائیلی حکام نے غزہ پر مستقل قبضے کے حق میں بیانات دیے۔
کانفرنس میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور غزہ میں اسرائیلی کنٹرول کے اقدامات پر بھی بات کی گئی۔ وزیر انصاف یاریو لیون نے کہا کہ غزہ پر کنٹرول اسرائیل کے وسیع تر علاقائی دعووں کا حصہ ہے اور اسرائیلی فوج کو پوری سرزمینِ اسرائیل میں موجود رہنا ہوگا۔ صیہونی رکنِ پارلیمنٹ سمحا روتھ مین نے بھی کہا کہ اسرائیل کو غزہ پٹی پر مکمل اختیار برقرار رکھنا چاہیے۔ شرکا نے اسرائیل کی سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے۔ حماس کو غیر مسلح کرنے اور فلسطینیوں کی غزہ سے جبری بے دخلی کے اقدامات کو فروغ دینے کے حق میں دلائل دئے۔


































