
بیروت: لبنانی صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں انفراسٹرکچر اور اہم سہولیات کو نشانہ بنانا ایک خطرناک توسیع ہے اور یہ زمینی حملے کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ جوزف عون نے کہا ہے کہ لیطانی دریا کے پلوں کو نشانہ بنانے کا مقصد جنوبی لبنان کو الگ کرنا، انسانی امداد کو روکنا اور قابض فوجی موجودگی کو مضبوط کرنا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے جنوبی لیطانی علاقے اور باقی لبنان کے درمیان زمینی رابطے کو ختم کرنے کی کوشش ہیں۔ عون کے مطابق یہ اقدامات مشکوک منصوبوں کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ اسرائیلی سرحد کے ساتھ بفر زون قائم کیا جا سکے، اسرائیلی قبضے کومضبوط بنایا جائے اور لبنانی علاقے میں اسرائیلی توسیع کی راہ ہموار کی جائے۔ صدر نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فورا کارروائی کرے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔


































