
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اسرائیل کا غصہ ایرانی قوم کی کامیابی اور فتح کا واضح ثبوت ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران امریکا مفاہمتی یادداشت کو ایران کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تشویش اور ناراضی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہا ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور تمام فریقوں کی جانب سے وعدوں کی پاسداری خطے کے کئی مسائل کے حل کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی سطح پر بھی ایک نئی صورتحال جنم لے سکتی ہے اور خطے میں استحکام کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔


































