
جدہ: عرب لیگ نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیاں اور غیر قانونی آبادکاری کے منصوبے امن کی نازک امیدوں کو تباہ کرسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں عرب لیگ کے مستقل نمائندے اسامہ عبد الخالق نے مشرقِ وسطیٰ سے متعلق کھلے اجلاس میں کہا کہ شرم الشیخ میں طے کیا گیا جنگ بندی معاہدہ صرف غزہ تک محدود ہے جبکہ وسیع تر فلسطینی مسئلے کو حل کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قحط اور تشدد کو فوری طور پر ختم کیا جائے، امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور تعمیرِ نو کے عمل کو دو ریاستی حل کی بنیاد پر شروع کیا جائے۔ عبد الخالق نے اسرائیلی انتہاپسند حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عظیم اسرائیل کے خواب کبھی حقیقت نہیں بن سکتے، اور طاقت کے بل پر امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔


































