
تل ابیب : اسرائیل کے وزیر توانائی ایلی کوہن نے دھمکی دی ہے کہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے لیے اسرائیل کو فوجی طاقت استعمال کرنا پڑ سکتی ہے، کیونکہ بین الاقوامی فریق اس کام کو انجام دینے کے قابل نہیں ہے۔
ایلی کوہن نے اسرائیل کے پبلک براڈ کاسٹر کان کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ حماس یا تو رضاکارانہ طور پر غیر مسلح ہو جائے یا کوئی بین الاقوامی فورس اس کے خلاف کارروائی کرے لیکن یہ دونوں امکانات ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آخرکار اسرائیل خود مجبور ہو کر یہ عمل کرے گا اور ضروری ہوا تو یہ عمل فوجی طاقت کے ذریعے ہوگا۔
کوہن نے کہا کہ اسرائیل ہی وہ فریق ہے جو یہ مشن انجام دے سکتا ہے۔ غزہ میں موجودہ جنگ بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کی تکمیل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آخری لاش واپس نہیں آتی۔ یہ اس معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے پردے کے پیچھے سخت اقدامات جاری ہیں تاکہ اس واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔


































