
غزہ : حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں انتظامی کمیٹی تحلیل کرنے کا مقصد اقتدار کی منتقلی کو ممکن بنانا تھا، لیکن اسرائیل اقوامِ متحدہ کی حمایت یافتہ قومی انتظامی کمیٹی کو غزہ میں داخل ہونے سے روک کر انتظامی خلا پیدا کرنا چاہتا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا ہےکہ غزہ کی انتظامی باڈی کی تحلیل اقتدار کو قومی انتظامی کمیٹی کے حوالے کرنے کے لیے ضروری قدم تھا، جو رواں سال جنوری میں تشکیل دی گئی تھی۔ حماس کے مطابق اسرائیل اس کمیٹی کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے۔ جس کے باعث اقتدار کی منتقلی کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تحریک غزہ جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کے لیے بدستور پرعزم ہے، یہاں تک کہ انتظامی اختیارات مکمل طور پر نئی کمیٹی کو منتقل ہو جائیں۔
حماس نے کہا کہ اسرائیل امریکا کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور غزہ میں دانستہ طور پر انتظامی خلا پیدا کرنا چاہتا ہے۔ بیان کے مطابق اس حکمت عملی کا مقصد فلسطینی عوام کی مشکلات میں اضافہ اور معمول کی زندگی کی بحالی کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔ حماس نے بین الاقوامی ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ اقتدار کی منتقلی کے عمل میں رکاوٹیں ختم کی جا سکیں۔


































