
تل ابیب : اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر دریائے لیطانی کے قریب لبنانی فوج تعینات نہ ہوئی تو جنگ بندی معاہدہ ختم ہوجائے گا۔ اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز کا کہنا ہے کہ معاہدے کے رو سے ضروری ہے کہ لبنانی فوج بفر زون میں حزب اللہ کے بنائے گئے انفراسٹرکچر کو بھی ختم کرے لیکن ابھی تک یہ اقدام نظر نہیں آیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر یہ شرائط پوری نہیں کی جاتیں تو معاہدہ باقی نہیں رہے گا اور اسرائیل اپنے طور پر اقدام کرنے پر مجبور ہو گا تاکہ اسرائیل کے شمالی علاقے میں رہنے والوں کی محفوظ طریقے سے واپسی ہو سکے۔
کاٹز کی جانب سے یہ بیان حزب اللہ کے موجودہ رہنما نعیم قاسم کے اس انتباہی بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر اس ماہ کے آخر تک اسرائیلی فوج نے علاقہ نہیں چھوڑا، تو مجاہدین اس پر حملے کر سکتے ہیں۔


































