
روم: جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کو رفح پر حملے سے باز رہنے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ، امریکا اور یورپی یونین پر مشتمل گروپ سیون کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اٹلی کے جزیرے کیپری پر ہوا جس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا پُرزور مطالبہ کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل رفح پر حملے سے باز رہے جہاں 17 لاکھ فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اس سے معصوم جانوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ شرکا نے فوجی کارروائی سے قبل رفح میں شہری آبادی کے تحفظ کے لیے ایک قابل اعتماد اور قابل عمل منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


































