
تل ابیب: اسرائیل نے مئی سے غزہ میں بین الاقوامی فورس تعینات کرنے کی تیاری شروع کردی جس میں مختلف ممالک کے سینکڑوں فوجی شامل ہوں گے۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے مطابق بین الاقوامی فورس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت تشکیل دی جا رہی ہے اور اس میں تقریباً پانچ ہزار انڈونیشی فوجیوں کے ساتھ ساتھ قازقستان، مراکش، البانیا اور کوسوو کے متعدد فوجی شامل ہوں گے۔ ابتدائی طور پر یہ فوج غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں متحدہ عرب امارات کی مدد سے بنائے جانے والے شہر کے گرد تعینات ہوگی اور بعد میں دیگر علاقوں میں پھیل جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق فوج میں شامل ممالک کی عسکری ٹیمیں آئندہ دو ہفتوں میں اسرائیل پہنچیں گی تاکہ تعیناتی سے پہلے غزہ کا جائزہ لے سکیں۔رپورٹ کے مطابق سینکڑوں غیر ملکی فوجی اگلے ماہ اردن جائیں گے تاکہ غزہ میں تعیناتی سے پہلے تربیت حاصل کریں۔


































