
غزہ : حماس رہنما طاہر النونو نے کہاہےکہ قابض اسرائیل غزہ پٹی میں امن قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور اس کی مسلسل خلاف ورزیاں دراصل سیز فائر معاہدے کو ناکام بنانے کی کوشش ہیں۔ طاہر النونو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ مزاحمت کا ہتھیار نہیں بلکہ قابض اسرائیل کا مسلسل غاصبانہ تسلط اور اس کا برقرار رہنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قابض اسرائیل ہی ہر قسم کے استحکام اور حقیقی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ طاہر النونو نے کہا کہ ہم نے سیز فائر معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کیا ہے اور قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے باوجود اپنے اعلانات اور وعدوں کے احترام میں کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کی شمولیت پر مشتمل نام نہاد امن کونسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔


































