
تل ابیب: اسرائیل کے سابق وزیر ہیم رامون نے اسرائیلی افواج کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غزہ جنگ کو تذویراتی ناکامی قرار دیا ہے۔ ہیم رامون نے کہا کہ اسرائیلی فوج حماس کا تختہ الٹنے اور اس کی فوجی صلاحیتوں کو ختم کرنے کے اپنے بنیادی مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نےکہا کہ یحییٰ سنوار، اسماعیل ہنیہ اور ہزاروں جنگجوؤں کی شہادت کے باوجود حماس کا عسکری اور انتظامی ڈھانچہ برقرار ہے۔
حماس کی فوجی قوت اب بھی کام کر رہی ہے اور اس کی حکمرانی غزہ تک پھیلی ہوئی ہے۔ رامون نے حماس کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں راکٹ داغنے کی مستقل صلاحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ہفتے بھی غزہ سے راکٹ گرتے رہے گویا ہم وہاں 15 ماہ سے لڑائی میں مصروف نہیں تھے۔ رامون نے اس ناکامی کی وجہ غلط حکمت عملی منصوبہ بندی اور اسرائیلی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے متبادل حکمت عملی کو اپنانے اور لاگو کرنے میں ناکامی کو قرار دیا۔


































