
ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسلامو فوبیا کے نئے واقعہ نے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑادی۔ اسلامو فوبیا کا تازہ ترین واقعہ اسکاربورو میں وکٹوریہ پارک کے نزدیک بیت الامان مسجد کے باہر پیش آیا ۔مسجد سے نکلنے والے 67 سالہ نمازی محبوب العالم چوہدری پر پارکنگ ایریا میں دو نقاب پوش ملزمان نے حملہ کردیا۔ ملزمان نے نمازی کو بری طرح مارا پیٹا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزمان ایک کارمیں آئے تھے اور اسی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ مسجد کے سیکریٹری محمد قمرزمان نے کہاکہ محبوب عالم کا کوئی دشمن نہیں۔ اسے عقیدے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔پولیس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے، تاہم مسلم کمیونٹی میں اس واقعے پر تشویش پائی جاتی ہے۔


































