
بغداد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس 6 سال میں عراق کے اپنے پہلے دورے پر بغداد پہنچ گئے۔ دورے کا مقصد ملک میں قیام امن کے لیے کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ سیکریٹری جنرل نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عراقی کھلے اور جامع مذاکرات کی بدولت ان مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پا لیں گے جن کا انہیں سامنا ہے۔ اقوام متحدہ ملک کے اداروں کے استحکام کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔عراقی حکومت کی جانب سے ملک چھوڑ کر جانے والے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کی کوششوں کی حمایت پر زور دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے اس امید کا اظہار کیا کہ عراق میں ٹھوس جمہوری اداروں کے ساتھ امن اور خوشحالی کا مستقبل ہوگا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکریٹری جنرل تمام عراقی شہریوں کے لیے امن، انسانی حقوق اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے عراق کی کوششوں کی حمایت کے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے عراق میں موجود ہیں۔


































