
تہران : ایران نے امریکا کیخلاف تاریخی فتح کا اعلان کردیا۔ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا کہ چالیس روزہ جنگ کے بعد دشمن کو ناقابلِ تردید شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب اس کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ وہ عظیم ایرانی قوم اور باوقار محورِ مزاحمت کی مرضی کے آگے سر تسلیم خم کرے۔ بیان میں کہا گیاہےکہ واشنگٹن کو ایران کی دس نکاتی تجویز تسلیم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس میں مستقل جنگ بندی، تمام پابندیوں کا خاتمہ اور خطے سے امریکی جنگی افواج کا انخلا شامل ہے۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق ایران کو میدانِ جنگ میں برتری حاصل ہے۔ امریکہ اس کے بیشتر مطالبات تسلیم کر چکا ہے۔ اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذاکرات جمعے سے اسلام آباد میں ہوں گے تاکہ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سیاسی سطح پر بھی مضبوط کیا جا سکے۔ بیان کے مطابق یہ مذاکرات زیادہ سے زیادہ 15 دن جاری رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع بھی ممکن ہے۔ بیان میں کہا گیاہےکہ دس شرائط میں ایران کے خلاف کسی نئی جارحیت نہ کرنے کی یقین دہانی۔ آبنائے ہرمز پر ایران کے مسلسل کنٹرول کو تسلیم کرنا۔ یورینیم افزودگی کے حق کو قبول کرنا۔ تمام بنیادی پابندیوں کا خاتمہ۔ ایران کی تعمیرِ نو کے اخراجات کے لیے مکمل معاوضے کی ادائیگی۔ امریکہ کے پاس منجمد ایرانی اثاثوں اور فنڈز کی فوری بحالی۔ خطے سے امریکا کی جنگی افواج کا انخلا اور تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، بشمول لبنان کی اسلامی مزاحمت کے خلاف کارروائیاں بند کرنا شامل ہے۔


































