
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے تمام اقدامات خالصتاً اپنے دفاع میں کیے جا رہے ہیں اور جارحیت کے باوجود ایران سفارتی عمل کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ایرانی عوام کے خلاف شدید ترین جارحیت کے باوجود ایران نے اب تک صرف صہیونی ریاست کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے اور ان معاونت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ عراقچی نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت جو اپنے اندرونی مسائل سے کمزور ہوئی ہے، دوسری قوموں کو اپنے تنازعات میں کھینچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عراقچی نے کہاکہ نیتن یاہو نے سفارت کاری کو تباہ کرنے کے لیے یہ جنگ شروع کی۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ وہ اسرائیل کے ذریعے تنازع کو وسعت دینے کی کوششوں سے محتاط رہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیاروں کی تلاش نہیں کی اور نہ ہی ایسا کریں گے۔


































