
تہران : ایران نے امریکی حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے اور خطے میں اس کے 85 اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنادیا۔ پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی کے دوران خطے میں امریکی تنصیبات پر 85 مقامات کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق حملوں میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ کے اڈے اور کویت میں علی السالم ائیربیس کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں ابتدائی ردعمل کے طور پر کی گئی ہے۔ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ترجمان حسین محبی نے کہا کہ ڈرون کو ایران کے صوبے بوشہر کے شہر خورموج کے اوپر نشانہ بنایا گیا۔
اس سے پہلے امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئے حملے کئے ہیں۔ سینٹ کام کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون مقامات سمیت 80 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ سینٹرل کمانڈ کے مطابق آبنائے ہرمز میں تین تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ حملوں کے جواب میں کارروائی کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورک، ساحلی ریڈار مراکز اور بحری جہاز شکن میزائل صلاحیتوں کو ہدف بنایا گیا بندر عباس۔ قشم اور سرک میں زوردار دھماکے سنے گئے سرک میں کمرشل پائر پر امریکی حملہ سے میزائل کے ٹکڑے لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔


































