
بیجنگ : ایران اور چین کے صدور نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط اور مستحکم قرار دیا ہے۔ ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی صدر نے اسٹریٹیجک شراکت کی جامع دستاویز کو تعلقات کی توسیع کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا مظہر قرار دیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور چین مشکل وقت میں دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے خطے اور دنیا کی سلامتی میں مدد ملے گی۔ چینی صدر نے ایران کی طرف سے اپنے مفادات اور حقوق کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ چین ایران کے جوہری معاہدے کیلئے مذاکرات بحال کروانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔


































