
تہران : ایرانی صدر نے ایران کو سکیورٹی خطرہ قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے اسے تاریخی حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ امریکی عوام کے نام اپنے کھلے خط میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی جدید تاریخ میں کبھی جارحیت، توسیع پسندی یا نوآبادیاتی پالیسی اختیار نہیں کی۔ ایران نے کبھی جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے۔ مسعود پزشکیان کے مطابق ایران کو خطرہ بنا کر پیش کرنا دراصل طاقتور ممالک کے سیاسی اور معاشی مفادات سے جڑا ہوا ہے، تاکہ دباؤ بڑھایا جا سکے۔ عسکری برتری برقرار رکھی جائے اور اسلحہ کی صنعت کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ ایرانی صدر نے امریکی شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ کے لیے حکومتی مقاصد پر سوال اٹھائیں اور غلط معلومات کی مشینری سے بالاتر ہو کر دیکھیں۔


































