
تہران: ایرانی فوج نے کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ حملوں میں امریکی مواصلاتی نظام، جنگی طیاروں کے ہینگرز، فوجی مقامات اور ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی فوج نے کہا ہے کہ تازہ حملے صاعقہ آپریشن کی اکتیسویں لہر کے تحت کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کے احمد الجابر ایئربیس پر حملوں میں مواصلاتی نظام اور جنگی طیاروں کے ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے المِنہاد ایئربیس پر فوجی تعیناتی کے علاقوں اور ریڈار نظام کو بھی میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق المِنہاد ایئربیس غیرملکی فوجی دستوں کے لیے فضائی معاونت اور نقل و حمل کا اہم مرکز ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جن میں ایرانی شہریوں اور مسلح افواج کے ارکان کی اموات ہوئی ہے.


































