
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای کے سینئر مشیر ایڈمرل علی شمخانی نے امریکی فوجی حملوں کی تازہ دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور منصوبہ سازوں کے تصور سے بڑھ کر سخت جواب دیا جائے گا۔ ایڈمرل علی شمخانی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ایران کے دفاعی نظریے کے تحت خطرات کا جواب ان کے ظہور سے پہلے ہی منصوبہ بندی کے ساتھ تیار کر لیا جاتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی میزائل اور دفاعی صلاحیتیں نہ تو محدود کی جا سکتی ہیں اور نہ ہی کسی کی اجازت سے مشروط ہیں۔
شمخانی نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور ایسا سخت جواب دیا جائے گا جو حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے تصور سے بھی باہر ہوگا۔ ان کا بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران اپنے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام جاری رکھتا ہے تو وہ اسرائیل کے ممکنہ حملے کی حمایت کریں گے۔


































