
تل ابیب: اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے معاہدے کو اسرائیل کی ناکامی قرار دے دیا۔ اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لیپڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکا اور ایران کے درمیان زیرِ غور معاہدے پر سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت ایرانی نظام برقرار رہے گا، میزائل پروگرام متاثر نہیں ہوگا اور ایران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ لیپڈ نے اسے اسرائیل کے لیے مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ اسرائیل کے کسی بھی جنگی مقصد کو حاصل نہیں کرتا۔ انہوں نے وزیرِاعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت فوجی کامیابیوں کو سیاسی اور تزویراتی فوائد میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ لیپڈ کے مطابق اس صورتحال نے اسرائیل کو اپنی قومی سلامتی کے معاملات میں دوسروں کی ہدایات کا محتاج بنا دیا ہے۔


































