
اسلام آباد: پاکستان میں چار ملکی ثالثی مذاکرات میں ایران امریکا تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ سعودی عرب۔ مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے مشرق وسطی میں جنگ بندی اور قیام امن کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ انہوں نےکہا کہ وزرائے خارجہ نے تشویش کا اظہار کیا کہ جاری تنازع بدترین اثرات کی وجہ سے انتہائی افسوس ناک ہے، جس کے پورے خطے پر جانی اور مالی اثرات پڑے ہیں۔ ہم نے اتفاق کیا کہ یہ جنگ کسی کے حق میں نہیں ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں جاری تنازع کے خاتمے اور امن کے لیے پاکستان بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جس کے لیے دونوں ممالک نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔


































