
تل ابیب: اسرائیلی انٹیلی جنس کا دعویٰ ہے کہ ایران کئی محاذوں سے اسرائیل پر مربوط حملے کی تیاری کررہا ہے۔ اسرائیلی آرمی چیف ایال زامیر نے بیک وقت کئی محاذوں پر حملے کے پیش نظر فوج کو تیار رہنے کی ہدایت کردی۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے اسرائیلی انٹیلی جنس کے حوالے سے بتایا کہ ایران حزب اللہ، حماس، انصار اللہ یمن اور عراقی مزاحمتی گروہوں کو ایک مربوط کارروائی کے لیے تیار کر رہا ہے۔ جبکہ ایران خود بھی براہِ راست حملوں میں شامل ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق اس حکمتِ عملی کا مقصد اسرائیل پر ایک ہی وقت میں کئی سمتوں سے دباؤ ڈال کر جنگ کو وسیع کرنا ہے۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو تمام محاذوں پر کشیدہ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے فوج کو اچانک اور بیک وقت کئی محاذوں پر حملوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ زامیر کے مطابق اسرائیلی فوج کی بنیادی حکمتِ عملی اچانک حملے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشق کا مقصد بیک وقت کئی محاذوں پر جنگ کی صورت میں فوج کی تیاری، کمانڈ سسٹم اور ہنگامی ردعمل کو جانچنا ہے۔


































