
تہران : ایران نے اپنے ٹینکروں پر حملے کے جواب میں امریکا کے دو بحری جہازوں اور آٹھ آئل ٹینکرز کو نشانہ بنادیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ان 10 جہازوں پر حملہ کیا جو آبنائے ہرمز کے ممنوعہ اور غیر محفوظ علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایران نے اردن کے الارزق بیس پر ایف تھرٹی فائیو اور ایف 15 ہینگرز کو نشانہ بنایا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکا سے انتقام لیتے ہوئے دشمن کو غیر معمولی نقصان سے دوچار کیا۔ روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ اردن میں پینٹاگون کا ڈیفنس نظام ایرانی میزائل روکنے کیلئے فعال ہوگیا ہے۔ اردنی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے 20 میزائل داغے، 18 روک لیے گئے، 2 آبادی سے باہر گرے۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہاز تباہ کردیے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے 2 روز کے دوران امریکی بحری جنگی جہاز کو 2 مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے بعد کی گئی۔ ایرانی بحریہ نے خبردار کیا تھا کہ کویت اور بحرین کی بندرگاہوں سے تمام آئل ٹینکروں کا عملہ انخلا کر جائے جہاں امریکی اہلکار ہیں۔


































