
تہران : ایران نے خلیجی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کرنا جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کے مترادف ہوگا۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خلیجی ممالک کو سخت تنبیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں موجود فوجی اڈوں پر ہونے والی سرگرمیوں کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے۔ ایرانی کمانڈر نے امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے ممالک کو خبردار کیا کہ وہ امریکا کو ایران کے خلاف کارروائی میں سہولت فراہم نہ کریں۔ خلیجی ممالک کی جانب سے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کے بیانات کے باوجود ایران کی نظر سے کچھ بھی پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے فوجی اڈوں پر بڑی تعداد میں امریکی طیاروں، خصوصاً فضائی ایندھن بھرنے والے طیاروں کی موجودگی میزبان ممالک کے علم کے بغیر ممکن نہیں۔ ایرانی فوج کے سربراہ نے واضح کیا کہ امریکا کی جارحانہ فوجی کارروائی میں کسی بھی قسم کی مدد یا سہولت کاری امریکی فوج کے ساتھ شرکت کے مترادف سمجھی جائے گی۔


































