
تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ممالک میں امریکا کے دس جدید ریڈار نظام تباہ کر دیے گئے ہیں۔ امریکا جنگ سے بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے لیکن جنگ کے خاتمے کا فیصلہ واشنگٹن نہیں تہران کرے گا۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے دعویٰ کیا کہ خلیج کے علاقے میں امریکا کا فوجی ڈھانچہ شدید نقصان کا شکار ہوا ہے۔ ٹرمپ نہیں چاہتے کہ ان کے عوام کو خطے میں نقصانات کی مکمل حقیقت معلوم ہو۔ علی محمد نائینی نے ٹرمپ کے اس بیان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کے ابتدائی دنوں کے مقابلے میں اب زیادہ طاقتور ہے اور ایک ٹن سے زیادہ وزن کے وارہیڈز کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ آپریشن وعدہ صادق کی مسلسل کارروائیوں نے ٹرمپ کو شدید پریشانی اور الجھن میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایران ضرورت پڑنے پر جنگ کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اگر خطے میں عدم استحکام پیدا ہوا تو اس کے اثرات سب پر پڑیں گے۔ ترجمان کے مطابق امریکا کے اسلحہ کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں اور واشنگٹن جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران سے جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ ہم کئی لحاظ سے پہلے ہی جیت چکے ہیں، لیکن ابھی مکمل طور پر نہیں جیتے۔


































