
تہران : ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری گزرگاہ کی نگرانی کے لیے عمان کے ساتھ نیا پروٹوکول بنانے کا اعلان کر دیا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا سے گفتگو میں کہا کہ امن کے زمانے میں جہازوں کی نقل و حرکت ایران اور عمان، دونوں ساحلی ممالک کے درمیان مربوط انداز میں انجام پاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پابندیاں نہیں بلکہ آمدورفت کو آسان، محفوظ بنانا اور جہازوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ غریب آبادی نے زور دے کر کہا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے اور ٹرانزٹ معمول کے مطابق جاری ہے۔ جب ہمیں جارحیت کا سامنا ہوتا ہے تو نقل و حرکت میں شدید خلل آتا ہے۔ ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں اور جنگی حالات کو امن کے اصولوں کے تحت نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایرانی تنصیبات پر دیگر ممالک کی سرزمین سے حملے ہوئے تو متناسب جواب دیا جائے گا۔


































