
نابلس: صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر جنین میں مزید تین فلسطینیوں کو گولی مار کرشہید کردیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے منگل کو غرب اردن کے جنین کیمپ پر حملہ کیا۔ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں سے جھڑپ کے دوران 19سالہ نوجوان شادی نجم اور 22سالہ نوجوان عبداللہ الحصری کو گولی مار کر شہید جبکہ 3 فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔ تیسرے نوجوان عمار شفیق ابو فیفا کو غرب الاردن کے علاقے بیت اللہم کے ٹاؤن بیت فجر میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ فلسطینیوں اور صیہونی حکومت کی فوج کے درمیان گذشتہ کئی دنوں سے غرب اردن کے مختلف علاقوں اور بیت المقدس میں واقع شیخ جراح محلے میں جھڑپوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ فلسطینی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی دشمن کو بیت المقدس اور غرب اردن میں اس کے جرائم کی سزا ضرور ملے گی۔


































