
اسلام آباد : پاکستان نے او آئی سی وزارتی کونسل اجلاس میں کشمیری قیادت کو بلانے پر بھارتی اعتراض بلاجواز قرار دیکر مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر، فلسطین، افغانستان، اسلامو فوبیا، مسلم امہ کا اتحاد، ترقی، سائنسی، ثقافتی تعاون او آئی سی اجلاس کا حصہ ہوں گے ، وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر بات کرینگے ، انہوں نے کہا کہ میزائل لانچ بھارتی سیکیورٹی پروٹوکول پر سوالیہ نشان ہے، بھارت کو کئی سوالوں کے جواب دینا ہونگے، ہندوستان سے میزائل لانچنگ معاملے پر مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ، جس کا تاحال جواب نہیں دیا گیا ، سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک ، یورپین اور دیگر ممالک کو بھی معاملے پر تفصیلات سے آگاہ کیا، بھارت علاقائی امن و سلامتی کے برعکس ہر قسم کے ہتھکنڈوں سے باز رہے، او آئی سی وزارتی اجلاس میں بھارتی میزائل لانچنگ معاملے پر گفتگو کی امید ہے.


































