
لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کا حقیقی آزادی مارچ وزیر آباد میں حملے کے مقام سے دوبارہ شروع ہوگیا۔ مارچ کیلئے بلٹ پروف کنٹینر تیار کیا گیا ہے جس پر رہنما سوار ہیں۔ یہ مارچ اب روٹ کی معمولی سی تبدیلی کے ساتھ راولپنڈی پہنچے گا۔ تین دن بعد کارواں کشمیر، سندھ اور جنوبی پنجاب سے نکلیں گے۔ عمران خان ان قافلوں کا راولپنڈی میں استقبال کریں گے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام نے ثابت کردیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ہم جھکے ہیں نہ بکے ہیں۔ عمران خان زخم کھا کر بھی سر اٹھا کر کھڑے ہیں۔ سازشیوں نے سمجھا تھا کہ حکومت ختم کرنے سے پارٹی ختم ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پورے روٹ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔سی سی ٹی وی کیمروں سے لانگ مارچ اور روٹ کی نگرانی کی جائے گی ۔


































