
لاہور: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ عمران خان نے کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں جیل سے ڈرارہے ہیں ہم جیلیں بھر دیں گے۔ ان کے پاس جگہ نہیں بچے گی۔ تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا، جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ الیکشن کا شیڈول کب آئے گا۔ نوے دن کے بعد ایک دن بھی نگراں حکومت غیر آئینی ہوگی، اس سے زیادہ خطرناک بات نہیں ہو سکتی کہ عدلیہ آئین پر عمل نہ کرواسکے۔ خطرناک بات ہے کہ چیف الیکشن کمشنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہا۔ نوے دن سے زیادہ الیکشن آگے جاتے ہیں تو اس سے بڑی آئین کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی، پہلے ان کی کوشش ہے کہ الیکشن ہوں ہی نہیں اور اگر ہو تو یہ بالکل آخر میں جا کر تاریخ کا اعلان کریں گے۔


































