
لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ہفتے سے انتخابی مہم اور عوامی اجتماعات شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سارے ادارے کہہ رہے ہیں پاکستان نیچے کی طرف جارہا ہے اور ڈیفالٹ کرنے لگا ہے، مشکلات سے نکلنا ہے تو ملک کو متحد ہو ناپڑیگا۔ ملک کی خاطر سب سے بات اور سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں۔ ملک کے خاطر خود پر حملہ کرنے والوں کو بھی معاف کرنے کو تیار ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو این آر او دینے کا کہا تھا۔ میں عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو این آر او نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی میںڈیٹ والی حکومت ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی۔ سیاسی استحکام الیکشن کے بعد آئے گا اور پھر معاشی استحکام بھی ہوگا، عوامی مینڈیٹ والی حکومت پانچ سال کیلئے آنی چاہیے۔ ہمیں آمدن بڑھانے اور اخراجات کم کرنے ہیں، اداروں کو ٹھیک کرنا ہوگا، سرکار پر بوجھ بننے والے محکموں کو ختم کرنا ہوگا۔


































