
کابل : افغانستان کے معروف عالم دین آیت اللہ واعظ زادہ بہسودی نے دہشت گردانہ حملوں میں افغان عوام خاص طور سے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر شدید تنقید کی ہے۔ آیت اللہ واعظ زادہ بہسودی نے اپنے عید پیغام میں کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے اختتام اور شوال کے چاند کے ساتھ ہی عید الفطر ہو گئی مگر ملک ابھی بھی شہدا کے غم میں سوگوار ہے اور ان کے اہلخانہ اپنے عزیزوں کے غم میں اداس ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ جب مقدس ماہ میں بھی ایک عبادت گزار کو عبادت گاہ میں قتل کر دیا جائے تو کس کو عید کی مبارک باد پیش کی جا سکتی ہے؟۔ایسے حالات میں کہ جب شیعہ و سنی، مرد وعورت، بچہ، بوڑھا، جوان، گھر، بازار اور حتیٰ مقدس مقامات تک محفوظ نہیں رہے اور عبادت گاہوں تک کا تقدس پامال ہو رہا ہے، خواہ رمضان کا مقدس مہینہ ہو یا قرآن خوانی کی محفل ہو، ہر جگہ بے گناہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا اور انہیں تہ تیغ کیا جا رہا ہے، یہ سب کچھ دیکھ کر گویا ایسا لگتا ہے کہ ابھی بھی جہالت کا ہی پورے طور پر غلبہ ہے اور یہ جہالت پوری طرح سے ملک پر چھائی ہوئی ہے۔


































