
بیروت : حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ مزاحمتی محاذ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا کوئی بھی اقدام خطے میں بڑی جنگ کا باعث بن سکتا ہے جس کا نتیجہ تل ابیب حکومت کی نابودی کی صورت میں نکلے گا۔ حسن نصر اللہ نے جنوبی لبنان سے صیہونی انخلاء کی سالگرہ پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں ںے صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کو مخاطب کرکے کہا کہ آج تم اس پوزیشن میں نہیں کہ ہمیں ایک بڑی جنگ کی دھمکی دو بلکہ ہم تمہیں ایک بڑی جنگ سے خبردار کررہے ہیں۔ انہوں نے صیہونی حکومت کی کمزوری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ دشمن دیواروں اور آگ کی آڑ میں چھپا بیٹھا ہے اور اس قابل نہیں کہ فلسطینی فریق کے ساتھ مذاکرات میں اپنی من چاہی شرائط اُن پر مسلط کر سکے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے اندرخلفشار، اندرونی شگاف اور اسکے بالمقابل مزاحمتی محاذ کے اتحاد و اتفاق کا ذکر کیا اور کہا کہ ابھی صیہونی دشمن سے ہماری جنگ ختم نہیں ہوئی ہے کیوں کہ اب بھی ہماری سرزمین کا ایک حصہ اُس کے قبضے میں ہے۔ اسرائیل کو سرنگوں ہونا ہے اور اسکی یہ سرنگونی بہر صورت وقوع پذیر ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اب امریکی تسلط اور یونی پولزم کا خاتمہ ہو چکا ہے اور اب دنیا کثیر جہتی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے صیہونی انخلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے فرد فرد کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ یہ آزادی مفت میں حاصل نہیں ہوئی بلکہ یہ برسوں کے ایثار و فداکاری اور مجاہدانہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔


































