
تہران : ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی جزائر پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو یہ جزائر حملہ آوروں کیلئے قبرستان ثابت ہوں گے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ خلیج فارس میں ایرانی افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دشمن کی جانب سے کسی بھی غلط قدم کا سخت اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔ بیان میں حملہ آور قوتوں کو بچوں کے قاتل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کیلئے زمین اور سمندر دونوں غیر محفوظ ہو جائیں گے۔ ایرانی حکام کے مطابق حالیہ جنگی صورتحال میں ایرانی جزائر کی دفاعی اہمیت بڑھ گئی ہے اور وہاں فوجی موجودگی مزید مضبوط کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائے گا اور کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


































