
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام منصورہ لاہور میں علماء و مشائخ غزہ ہمارا منتظر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ اُمت مسلمہ متحد ہو کر دفاع کرے گی تو ہی کامیاب ہوگی، ہم الگ الگ ہو کر کوئی کام کریں گے تو کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گروہ کی بجائے جماعت اسلامی جیسی جماعت آگے بڑھتی ہے تو ہم ان کیساتھ تیار ہیں، جماس نے وہ راستہ دکھا دیا ہے، اللہ نے اذن جہاد دے دیا ہے، فلسطینی بچے پکار رہے ہیں کہ اے اللہ کوئی ولی بھیج جو انہیں اسرائیلی مظالم سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف فلسطین کی خبریں سن لینا اور افسوس کر لینا اور واقعات کیخلاف مذمتی بیان دے دینا کافی نہیں، آج علماء کھل فتوی دیں، اور یہ ذمہ داری قبول کریں، اللہ کا حکم ہے، فلسطینیوں کی مدد کیلئے میدان عمل میں نکلو۔


































