
تہران : ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ فوجی آپریشن شروع کیا تو اس کے نتائج ہوں گے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی فوجی انداز میں واپسی کا یقیناً جواب دیا جائے گا۔ مزاحمتی گروپس نے یہ دکھایا ہے کہ وہ خاموش نہیں رہیں گے، وہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے اور یہ کہ ان کی نظر میں امریکی حکومت بحران کا ایک حصہ ہے۔ کنعانی نے خبردار کیا کہ غزہ میں جنگ کا جاری رہنا اور اسرائیل کے لیے امریکی حمایت خطے میں تنازعات، عدم استحکام، عدم تحفظ اور ممکنہ طور پر خطے میں جنگ کے دائرہ کار میں توسیع کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ ایران چاہتا ہے کہ موجودہ جنگ بندی مستحکم شکل اختیار کرے تاکہ اسرائیلی جارحیت کی تکرار سے بچا جا سکے۔ کنعانی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس موجود معلومات کے مطابق قطری حکومت جنگ بندی کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ موجودہ جنگ بندی مستحکم ہو گی۔


































