
نیویارک : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں انسانی اور زرعی تباہی اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق جنگ کے نتیجے میں غزہ میں زرعی پیداوارکا نظام تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ غزہ کی صرف پانچ فیصد زمین قابلِ کاشت رہ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے دوران 80 فیصد سے زیادہ زرعی رقبہ تباہ ہو گیا۔ تقریباً 70 فیصد گرین ہاؤسز مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں اور زیادہ تر کنوئیں تباہ ہونے سے پانی کی فراہمی تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔ ایف اے او کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے غزہ کے مقامی زرعی نظام کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے اور اب علاقہ اپنی خوراک کی ضروریات کے لیے مکمل طور پر انسانی امداد پر منحصر ہے۔ ادارے نے خبردار کیا کہ اگر زرعی سامان اور ایندھن کی آمد پر پابندیاں برقرار رہیں تو آئندہ مہینوں میں بڑے پیمانے پر قحط پھیل سکتا ہے۔


































