
بیروت : حماس نے غزہ میں قومی اتفاق رائے کی حکومت کے قیام کی حمایت کردی۔ حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک قومی اتفاق رائے کی حکومت عبوری مرحلے میں فلسطینی امور کے انتظام کے لیے گیٹ وے بنے جب تک کہ فلسطینی عوام اپنی قیادت کا انتخاب کرنے کا فیصلہ نہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے تجربے نے ثابت کیا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کے حصول کا واحد حل دشمن کے خلاف مزاحمت اور اسے پسپائی پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی عوام کو ہر چیز سے روکتا ہے اور قتل و غارت گری میں لگا رہتا ہے۔ اسامہ حمدان نے اس بات پر زور دیا کہ مزاحمت کا پیغام یہ ہے کہ وہ اسی راستے پر گامزن رہے گی اور کوئی چیز اس کے عزم کو کمزور نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ہماری واضح پوزیشن جنگ بندی، قابضین کا انخلاء، قیدیوں کا تبادلہ اور اسرائیلی شرائط کے بغیر غزہ کی تعمیر نو ہے۔


































