
دوحہ : حماس رہنما باسم نعیم نے تصدیق کی ہے کہ حماس غزہ میں جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز میں آگے بڑھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں باسم نعیم نے کہا کہ حماس نے ثالثوں کو دوسرے مرحلے کی تمام شقوں کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حماس نے جنگ بندی کے معاہدے میں شامل تمام نکات پر مکمل عمل درآمد کیا ہے، جس کی گواہی خود ثالث اور حتیٰ کہ امریکی فریق بھی دیتا ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد میں رکاوٹ کی اصل وجہ قابض اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو کا اپنی ذمہ داریوں سے دانستہ انحراف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل فوجی کشیدگی دراصل معاہدے کو سبوتاژ کرنے اور دوبارہ جنگ کی طرف لوٹنے کی کوشش ہے، جو نیتن یاھو کی اس ناکامی کے بعد اپنے سیاسی مستقبل کو بچانے کی ایک چال ہے کہ وہ اپنے کسی بھی اعلان کردہ مقصد کو حاصل نہیں کر سکا۔


































