
برلن : جرمنی نے غزہ نسل کشی کیس میں عالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کی حمایت سے پیچھے ہٹتے ہوئے اپنے مؤقف میں نمایاں تبدیلی کر دی ہے۔ جرمن وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق برلن اب دی ہیگ میں جاری کیس میں اسرائیل کے حق میں مداخلت نہیں کرے گا۔ جنوری دو ہزار چوبیس میں جرمنی نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور جنوبی افریقہ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ یہ فیصلہ جرمنی کے سابقہ مؤقف سے واضح انحراف ہے، جب دو ہزار تئیس میں جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کیس دائر کیا تو جرمنی ابتدائی طور پر اسرائیل کے حامی ممالک میں شامل تھا۔ وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کی ایک بڑی وجہ خود جرمنی کو درپیش قانونی چیلنجز ہیں۔ اس پیش رفت کو یورپی سطح پر بدلتے ہوئے سفارتی رجحانات کا اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔


































