
برسلز : یورپی یونین، اقوام متحدہ اور ورلڈ بینک نے کہاہےکہ غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی کیلئے آئندہ دس سال میں تقریباً اکہتر اعشاریہ چار ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ یورپی یونین، اقوام متحدہ اور ورلڈ بینک کی مشترکہ رپورٹ میں غزہ کی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں چوبیس ماہ کے تنازعے کے بعد غزہ میں نقصانات، معاشی نقصانات۔ بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں تین لاکھ اکہتر ہزار سے زائد رہائشی یونٹس تباہ یا شدید متاثر ہوئے ہیں۔ نصف سے زائد اسپتال غیر فعال جبکہ تمام اسکول تباہ یا جزوی طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی 18 ماہ کیلئے 26.3 ارب ڈالر درکار ہوں گے تاکہ بنیادی سہولیات بحال کی جا سکیں۔ رپورٹ میں کہا گیاہےکہ بین الاقوامی برادری کو ٹارگٹڈ، ترتیب وار، مربوط انداز میں وسائل کو متحرک کرنا چاہیے اور مہارت اور آلات کی تعیناتی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو تیزی سے دور کرنا چاہیے۔


































